سپارکو نے ذوالحج 1447 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے جبکہ اسی روز شام کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہونے کی توقع ہے اس صورتحال میں ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ ہوگا جس کے باعث صاف موسم اور بہتر حدِ نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
سپارکو کے مطابق فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اگر رویت کے امکانات برقرار رہے تو ملک میں یکم ذوالحج 18 مئی (بروز پیر) جبکہ 10 ذوالحج یعنی عیدالاضحیٰ 27 مئی (بروز بدھ) کو ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ذوالحج کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کرے گی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کی پیدائش اور اس کی عمر رویت کے امکانات کا اہم سائنسی معیار ہے تاہم حتمی مذہبی اعلان ہمیشہ رویت ہلال کمیٹی ہی کرتی ہے۔