پاکستان کو ایک حالیہ آئیپسوس(Ipsos)سروے2025کی رپورٹ میں دنیا کا سب سے زیادہ کئیرنگ یعنی ہمدرد اور دوسروں کا خیال رکھنے والا ملک قرار دیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس درجہ بندی میں پاکستانی معاشرے کی اُن خصوصیات کو نمایاں کیا گیا ہے جو طویل عرصے سے پہچان بنی ہوئی ہیں، جن میں مہمان نوازی، دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا، فلاحی سرگرمیاں، عطیات دینا اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بننا شامل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد مختلف صارفین نے اسے پاکستان کی اصل پہچان قرار دیا۔ لوگوں نے اپنے ذاتی تجربات بھی شیئر کیے، جن میں ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور مشکل وقت میں عوام کی طرف سے ملنے والی مدد اور تعاون کے واقعات شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد نے کہا کہ پاکستان میں چاہے حالات جیسے بھی ہوں، کمیونٹی سپورٹ اور انسان دوستی ہمیشہ نمایاں رہتی ہے۔ صارفین کے مطابق یہی جذبہ ملک کو دنیا بھر میں منفرد بناتا ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد آن لائن پلیٹ فارمز پر بحث بھی جاری ہے، جہاں لوگ پاکستانی معاشرے کی مثبت روایات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو اجاگر کر رہے ہیں۔