قندیل بلوچ سے متاثر پاکستانی فلم ’وکھری‘ عالمی سطح پر پھر نمایاں

قندیل بلوچ سے متاثر پاکستانی فلم ’وکھری‘ عالمی سطح پر پھر نمایاں

پاکستانی فلم ’وکھری‘ کو برطانوی نشریاتی ادارے کے تحت منعقد ہونے والے ساؤتھ ایشین فلم سیزن 2026 میں شامل کرلیا گیا ہے، جہاں پاکستان، بھارت اور بنگلادیش کی مجموعی طور پر 9 فلمیں پیش کی جائیں گی۔

2024 میں پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ’وکھری‘ کی کہانی ایک بیوہ اسکول ٹیچر نور ملک کے گرد گھومتی ہے، جو سوشل میڈیا پر اچانک شہرت حاصل کرلیتی ہے۔

فلم کی ہدایتکاری ارم پروین بلال نے کی ہے جبکہ مرکزی کردار اداکارہ فریال محمود نے ادا کیا۔ فلم کی کہانی پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:15 سال بعد شاہ رخ خان اور کرینہ کپور ایک ساتھ،مداحوں کے لیے بڑی خبر

عالمی سطح پر پاکستانی کہانی کی پذیرائی

فلم کی ساؤتھ ایشین فلم سیزن میں شمولیت پر پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وکھری‘ کا عالمی سطح پر پیش کیا جانا ان کے لیے ایک اہم توثیق ہے۔

ان کے مطابق فلم کا مختلف عالمی فلمی میلوں تک پہنچنا اور رواں سال ساؤتھ ایشین فلم سیزن میں شامل ہونا اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی کہانیاں عالمی ناظرین سے بھی جڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سینما اس وقت مختلف چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے میں ’وکھری‘ کا عالمی سطح پر پہنچنا دوسرے پاکستانی فلم سازوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نادیہ خان کے متنازع سوالات پر سعود قاسمی برہم، کیا کہا؟

لوکارنو سے ریڈ سی فلم فیسٹیول تک سفر

’وکھری‘ اس سے قبل لوکارنو، کانز اور بوسان جیسے معروف عالمی فلمی پلیٹ فارمز پر بھی پیش کی جاچکی ہے۔ فلم کا ورلڈ پریمیئر دسمبر 2023 میں جدہ کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا تھا، جبکہ 2024 میں بھی اسے کئی بین الاقوامی فلمی میلوں میں پیش کیا گیا۔

جنوبی ایشیا کی کہانیاں عالمی ناظرین تک

ساؤتھ ایشین فلم سیزن کا مقصد جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کی فلموں، فلم سازوں اور ان کی کہانیوں کو عالمی ناظرین تک پہنچانا ہے۔

رواں سال کے سیزن میں ڈرامہ، تھرلر اور سماجی موضوعات پر مبنی فلمیں شامل ہیں، جن میں طبقاتی فرق، نسلی امتیاز، سیاسی تقسیم اور صنفی عدم مساوات جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم ’وکھری‘ 5 اکتوبر کو برطانوی نشریاتی ادارے پر نشر کی جائے گی، جس کے بعد اسے آن لائن بھی دستیاب کرایا جائے گا۔

editor

Related Articles