معروف یوٹیوبر رجب بٹ اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل مداحوں سے کی گئی ایک درخواست کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔
رجب بٹ نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی پہلی فلم ضرور دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مداح ابھی سے ٹکٹ اور پاپ کارن کے لیے ایک سے دو ہزار روپے بچانا شروع کردیں۔
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کے مداحوں نے یوٹیوب پر ان کے لیے ریکارڈ قائم کیے، وہی ردعمل وہ فلم کی ریلیز کے بعد سینما گھروں میں بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم کو مکمل فیملی انٹرٹینر بھی قرار دیا۔
تاہم رجب بٹ کی اس درخواست پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے فلم نہ دیکھنے کا اعلان بھی کیا۔ رجب بٹ کی یہ پہلی فلم ایکشن اور کامیڈی پر مبنی بتائی جا رہی ہے، جس کی ہدایتکاری سید فیصل بخاری کر رہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ پنجاب میں جاری ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید فلم کی مقبولیت پر اثر انداز ہوتی ہے یا رجب بٹ کے مداح سینما گھروں میں ان کی توقعات کے مطابق بھرپور ردعمل دیتے ہیں۔