آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہوسکتا ہے؟ پی ٹی اے نے خبردار کردیا

آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہوسکتا ہے؟ پی ٹی اے نے خبردار کردیا

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون سمز اور ان سے منسلک آن لائن اکاؤنٹس کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم انتباہ جاری کیا ہے، جس میں صارفین کو اپنی ڈیجیٹل شناخت کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہر صارف کی ڈیجیٹل شناخت اس کی اپنی ذمہ داری ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک موبائل سم کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی اکاؤنٹ کے ساتھ غیر فعال، بلاک شدہ، منسوخ شدہ یا غیر رجسٹرڈ سم منسلک ہوئی تو اس صورت میں متعلقہ واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی متاثر ہو سکتی ہے یا وہ مکمل طور پر غیر فعال بھی ہو سکتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اہم رابطے، چیٹس اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور رجسٹرڈ موبائل سم سے منسلک رہے، اس مقصد کے لیے صارفین کو بروقت اپنی سم کی تصدیق اور تجدید کے عمل کو مکمل کرنا ہوگا تاکہ کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :واٹس ایپ کا نیا کلاؤڈ بیک اپ فیچر، صارفین کے لیے بڑی تبدیلی کا امکان

پی ٹی اے نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی صارف کی سم غیر فعال ہو چکی ہو تو وہ فوری طور پر اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کرے۔

اس کے علاوہ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سم کی بائیومیٹرک تصدیق کے لیے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کریں تاکہ ان کی شناختی معلومات درست اور محفوظ رہیں۔

اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع لاگ آؤٹ یا اکاؤنٹ تک رسائی میں رکاوٹ کا انتظار کرنے کے بجائے پیشگی احتیاطی اقدامات کرنا زیادہ بہتر ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے دور میں موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک مکمل شناخت بن چکا ہے، اس لیے اس کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی سمز اور آن لائن اکاؤنٹس کے استعمال میں غفلت نہ برتیں، کیونکہ معمولی لاپرواہی بھی اہم معلومات اور رابطوں کے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

editor

Related Articles