وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی بحری دفاعی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ تیاریوں اور مجموعی قومی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں پاکستان کی بحری حدود کا تحفظ نہایت اہمیت رکھتا ہے اور اس کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں، تربیتی معیار، اور دفاعی حکمتِ عملیوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی دفاع کے تمام شعبوں میں ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر مبینہ ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔