وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ عالمی شہری فورم میں پنجاب پویلین کا افتتاح کر دیا، جہاں پنجاب کے ترقیاتی اور شہری منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے۔ افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پویلین عالمی فورم میں توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا بھر سے آئے وفود اس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے پنجاب پویلین میں قائم مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہیں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی آلات کا مشاہدہ کیا اور مختلف سٹالز پر موجود نمائندگان سے خوشگوار ماحول میں گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
پنجاب پویلین میں حکومت پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں اس سکیم کے تحت تعمیر کیے گئے گھروں اور مستفید ہونے والے خاندانوں کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ دستاویزی فلم میں عوام کی خوشی اور بہتر طرزِ زندگی کو دیکھ کر عالمی میڈیا نمائندگان اور غیر ملکی مہمانوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بھرپور داد دی۔
حکام کے مطابق صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے جا چکے ہیں جسے عالمی وفود نے ایک بڑی سماجی کامیابی قرار دیا۔ فورم میں شریک بین الاقوامی نمائندوں اور میڈیا اداروں نے پنجاب حکومت کے عوامی منصوبوں، شہری ترقی کے وژن اور مریم نواز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور مؤثر ماڈل قرار دیا۔