ماؤنٹ ایورسٹ پر تاریخ رقم ،نیپال کے کوہ پیماؤں نے دنیا کو حیران کردیا

ماؤنٹ ایورسٹ پر تاریخ رقم ،نیپال کے کوہ پیماؤں نے دنیا کو حیران کردیا

ماؤنٹ ایورسٹ پر نیپالی کوہ پیماؤں نے ایک بار پھر تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی۔ معروف نیپالی کوہ پیما کامی ریتا شیرپا نے 32ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا جبکہ خاتون کوہ پیما لکھپا شیرپا نے 11ویں مرتبہ چوٹی سر کر کے خواتین میں اپنا ہی ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا۔  تاریخی کامیابیوں کو نیپال کی کوہ پیمائی کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

نیپال کے وزیرِاعظم بالین شاہ نے کوہ پیماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیپالی کوہ پیماؤں نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی صلاحیتوں، عزم اور ہمت کا مظاہرہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کامیابیاں صرف سخت محنت، نظم و ضبط اور اپنے مقصد سے مکمل وابستگی کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :معروف پاکستانی کوہ پیما سمینہ بیگ نے ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرلیا

56 سالہ کامی ریتا شیرپا نے پہلی مرتبہ 1994 میں ایک تجارتی مہم کے دوران ایورسٹ کی چوٹی سر کی تھی جس کے بعد وہ تقریباً ہر سال مختلف مہمات میں شریک ہوتے رہے۔ دوسری جانب 52 سالہ لکھپا شیرپا پہلی نیپالی خاتون تھیں جنہوں نے ایورسٹ سر کرنے کے بعد بحفاظت واپسی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستانی کوہ پیما اسد علی کا تاریخی کارنامہ، ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرلیں

نیپال کے محکمہ سیاحت کے مطابق اس سیزن میں ایورسٹ سر کرنے کے لیے ریکارڈ 492 اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں جبکہ بیس کیمپ پر کوہ پیماؤں اور معاون عملے کے لیے خیموں کا ایک بڑا شہر قائم کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں تقریباً ایک ہزار کوہ پیما چوٹی کی جانب روانہ ہوں گے جس کے باعث ایک بار پھر ایورسٹ پر غیر معمولی رش کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

editor

Related Articles