امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے اس اہم بحری گزرگاہ پر عائد ناکہ بندی ختم کر دی ہے اور اب تجارتی جہازوں کو بلا رکاوٹ گزرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بھی نئے اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے اور جہاز رانی بغیر کسی ٹول ٹیکس یا رکاوٹ کے جاری رہنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اس اہم سمندری راستے کا کھلا رہنا ضروری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کے ساتھ معاہدہ اب بھی ممکن ہے، آبنائے ہرمز کسی نہ کسی طریقے سے کھلی رہے گی : امریکی وزیرخارجہ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر سمندر میں بارودی سرنگیں موجود ہیں تو انہیں ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی مائن سویپرز پہلے ہی متعدد بارودی سرنگوں کو تباہ کر چکے ہیں جبکہ باقی سرنگوں کو ایران ہٹائے گا یا انہیں ناکارہ بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق امریکی ناکہ بندی کے باعث رکے ہوئے جہاز اب اپنی منزل کی جانب روانہ ہو سکیں گے۔

امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہوگا کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار یا ایٹم بم حاصل نہیں کرے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ افزودہ یورینیم کا بڑا حصہ تقریباً منہدم پہاڑوں کے نیچے گہرائی میں دفن ہے اور یہ صورتحال تقریباً گیارہ ماہ قبل امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کی کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کا آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے نیا انتظامی اور تکنیکی نظام تیار کرنے کا اعلان

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس جوہری مواد کو زمین سے نکالنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے ضروری تکنیکی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے انجام دیا جا سکتا ہے، جس کے بعد نکالے گئے جوہری مواد کو مکمل طور پر تلف کر دیا جائے گا۔

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے اور حتمی فیصلوں کے لیے سیچویشن روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس کر رہے ہیں۔ ان کے حالیہ بیانات کو خطے میں جاری سفارتی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles