ایک چیونٹی کے چہرے کی انتہائی قریب سے لی گئی تصویر نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران کر دیا ہے اور نیکون کے مائیکرو فوٹوگرافی مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منفرد تصویر لیتھوانیا سے تعلق رکھنے والے وائلڈ لائف فوٹوگرافر یوجینیئس کاوالیاؤسکاس نے کھینچی، جنہوں نے چیونٹی کی تصویر مائیکروسکوپ کے ذریعے 5 گنا زوم (5x Magnification) پر حاصل کی۔
تصویر میں چیونٹی کے چہرے کی ایسی باریک تفصیلات نمایاں ہوئی ہیں جو عام آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں۔ اس میں چیونٹی کی آنکھیں، منہ اور دیگر ساختیں انتہائی واضح انداز میں نظر آتی ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے حیرت کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ چیونٹی کا چہرہ کسی سائنس فکشن فلم کی مخلوق سے مشابہت رکھتا ہے، جبکہ کچھ لوگوں نے اسے خوفناک اور حیران کن قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب میں 100 سال بعد نایاب جانور کی پیدائش
فوٹوگرافر کے مطابق مائیکرو فوٹوگرافی کا مقصد ایسی دنیا کو سامنے لانا ہے جو عام حالات میں انسانی آنکھ سے پوشیدہ رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت کے چھوٹے ترین جاندار بھی حیرت انگیز ساخت اور خوبصورتی رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کی تصاویر نہ صرف فوٹوگرافی کے فن کو نئی جہت دیتی ہیں بلکہ لوگوں کو حشرات اور قدرتی دنیا کے بارے میں دلچسپ معلومات فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔چیونٹی کے چہرے کی یہ غیرمعمولی تصویر اب دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہی ہے اور مائیکرو فوٹوگرافی کی بہترین مثالوں میں شمار کی جا رہی ہے۔