پنجاب حکومت کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت بے گھر اور مستحق خاندانوں کو رہائش کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق اب تک ایک لاکھ 1633 خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کی جا چکی ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں پروگرام کی مجموعی کارکردگی قرضوں کی تقسیم، گھروں کی تعمیر کی رفتار اور زیر التوا درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 208 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں کم آمدن طبقہ اپنے گھر کی تعمیر مکمل کر سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کیا گیا ہے جبکہ اس وقت 32 ہزار 412 گھر زیر تعمیر ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 7 ہزار 792 خاندانوں کو جلد مزید بلاسود قرضوں کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے آئندہ مالی سال میں اضافی ایک لاکھ خاندانوں کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اپنے گھر کا خواب پورا کر سکیں۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پروگرام کی شفافیت اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہری و دیہی دونوں علاقوں میں اس اسکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس حکومتی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔