قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ شاداب خان نے بہترین اننگ کھیلی اور وہ باؤلر سے اچھے آل راؤنڈر بن گئے ہیں ۔
مائیک ہیسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں اس وقت ہمارے پاس مواقع ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کریں،اس گرمی میں تیز پچز نہیں بن سکتیں، گزشتہ برس جنوبی افریقا میں ہمیں ایسی پچز ملی تھیں ۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ہم آل راؤنڈرز کو دیکھ رہے ہیں فہیم اشرف سمیت کافی کھلاڑیوں پر نظر ہے،عرفات منہاس نے کیرئیر کا بہت اچھا آغاز کیا ہے، عرفات منہاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا ، 232 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم 190 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
شاداب خان نے انتہائی مشکل حالات میں 104 گیندوں پر 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے، ان کی یہ اننگز ایسے وقت میں آئی جب پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو چکی تھی اور ٹیم مسلسل دباؤ کا شکار تھی۔
پاکستان کو میچ جیتنے اور سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لیے 232 رنز درکار تھے، تاہم آسٹریلوی بولرز نے ابتدا ہی سے میزبان ٹیم کو دباؤ میں رکھا ۔