پنجاب بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ٹریفک وارڈنز کو بیچ سڑک گاڑیاں روک کر چالان کرنے سے منع کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شکایات اور ٹریفک صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس عمل کا سخت نوٹس لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر ٹریفک وارڈنز چالاننگ کے عمل پر ضرورت سے زیادہ توجہ دیتے ہوئے سڑکوں پر گاڑیاں روک رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک جام، شہریوں کو پریشانی اور آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز)، سرکل افسران اور سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو فوری طور پر نئی پالیسی سے آگاہ کریں اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک وارڈنز کی اولین ذمہ داری ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، نہ کہ ایسی کارروائیاں جن سے ٹریفک متاثر ہو۔
حکام کے مطابق آئندہ چالاننگ کے عمل کو جدید اور منظم طریقے سے انجام دینے پر زور دیا جائے گا تاکہ قانون کی عملداری بھی برقرار رہے اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔
آئی جی پنجاب نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی مقام پر بیچ سڑک گاڑیاں روک کر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر اور شہری دوست بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔