وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، اقتصادی اور دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت

وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، اقتصادی اور دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم نے دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا ذکر کرتے ہوئے ان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے (CPEC 2.0) کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ سے قبل بڑی خبر ، چینی، گھی، چائے اور دودھ پر ٹیکس برقرار،کون سی اشیاء پر کتنا ٹیکس ،تفصیلات آگئیں

ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے کی پیشرفت کو تیز کرنے، سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے ساتھ پاکستان کے لیے اقتصادی اور مالی معاونت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی بدلتی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیشرفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور حالیہ کامیاب دورہ چین پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ فولادی اور لازوال برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے فیصلوں کے عملی نفاذ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کی نیویارک میں ملاقات، خطے میں امن ،باہمی تعاون کے فروغ پراتفاق

Related Articles