پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے کہا ہے کہ وہ اپنی ہونے والی بہو میں کمال نہیں بلکہ اچھا دل اور اپنے بیٹے کے لیے سچی محبت دیکھنا چاہتی ہیں۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ نے اپنے بڑے بیٹے احسن افضل خان کی شادی اور مستقبل کی بہو کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہوتا اور صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کامل ہے۔ ان کے مطابق ان کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ ان کی بہو ان کے بیٹے سے مخلصانہ محبت کرے اور نرم مزاج ہو۔
صاحبہ کا کہنا تھا کہ اگر ایک لڑکی ان کے بیٹے سے سچی محبت کرے گی تو وہ ان کی غیر موجودگی میں بھی اس کا خیال رکھے گی، اور ایک ماں کے طور پر یہی سوچ انہیں اطمینان دیتی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں ان کا بیٹا اپنی اہلیہ کو والدین پر ترجیح دے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ان کے بقول، شادی کے بعد شریکِ حیات انسان کی زندگی کا اہم ترین رشتہ بن جاتی ہے اور وہ اس حقیقت کو خوش دلی سے قبول کرتی ہیں۔
شو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ریمبو سخت سسر ثابت ہوں گے تو صاحبہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ریمبو سخت مزاج نہیں بلکہ خاندان کا خیال رکھنے والے شخص ہیں۔
انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں بتایا کہ ریمبو اپنی بہو کو شاید صرف صحت مند غذا کھانے، فزی ڈرنکس سے پرہیز کرنے اور گھر کو منظم رکھنے کے مشورے دیں گے۔
گفتگو کے دوران صاحبہ نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی انکشاف کیا کہ احسن کے موبائل فون میں کئی لڑکیوں کے نام محفوظ ہیں، تاہم فی الحال دونوں بیٹے اپنی تعلیم اور کیریئر پر توجہ دے رہے ہیں اور شادی ان کی ترجیح نہیں۔