لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب حملہ، ماہرہ خان کا شدید ردعمل سامنے آگیا

لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب حملہ، ماہرہ خان کا شدید ردعمل سامنے آگیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکے جانے کے افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ایک خاتون ڈاکٹر لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے اسپتال گئی تھی، مگر وہاں اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے واقعے کا تصور کرنا بھی ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :میں اس حقیقت سے مطمئن ہوں، ماہرہ خان کا بڑا اعتراف

ماہرہ خان نے متاثرہ ڈاکٹر، ڈاکٹر ماہ نور ناصر، کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال جیسے محفوظ مقام پر ان پر حملہ کیا جانا نہایت وحشیانہ اور شرمناک عمل ہے۔ ان کے بقول وہ اس واقعے پر ’’غصے سے کانپ رہی ہیں‘‘ اور ڈاکٹر ماہ نور ناصر مکمل تحفظ اور انصاف کی مستحق ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ حملہ آور نے یہ سمجھا کہ اسے ایک خاتون کی زندگی تباہ کرنے کا اختیار حاصل ہے، حالانکہ اس کے اقدام نے ایک باصلاحیت ڈاکٹر کی زندگی کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور متاثرہ ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے بغیر بالی وڈ کی کہانیاں ادھوری؟ نئی بحث چھڑ گئی

دوسری جانب اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل کو جنم دیا ہے، جہاں صارفین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ملزم کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن صوبائی اسپتال میں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ اس واقعے نے ملک بھر میں تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

editor

Related Articles