سیالکوٹ نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی مہارت اور معیار کا لوہا منوا لیا ہے، جہاں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے آفیشل میچ فٹبالز پاکستان میں تیار کر لی گئی ہیں۔
یہ ورلڈ کپ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، جبکہ اس ایونٹ کے لیے استعمال ہونے والی جدید ’’ایڈیڈاس ٹریونڈا‘‘ فٹبالز سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہیں۔
ان جدید فٹبالز میں ایڈوانس پینل ڈیزائن اور کنیکٹڈ بال ٹیکنالوجی شامل ہے، جو کھیل کے معیار اور کارکردگی کو مزید بہتر بناتی ہے۔یہ فٹبالز سیالکوٹ کی معروف اسپورٹس انڈسٹری، خاص طور پر فارورڈ اسپورٹس کے ذریعے تیار کی گئی ہیں، جو اس سے قبل بھی کئی ورلڈ کپ ایونٹس کے لیے میچ بالز فراہم کر چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی دستکاری، معیار اور عالمی معیار کی پیداوار میں مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے، جس سے ملک کی اسپورٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو عالمی سطح پر مزید پہچان مل رہی ہے۔
سیالکوٹ ایک بار پھر فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج پر اعتماد اور معیار کی علامت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔