مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی اپنے مقبول چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ نئے منصوبے کے تحت چیٹ جی پی ٹی کو ایک ایسی ’’سپر ایپ‘‘ میں تبدیل کیا جائے گا جو مختلف اے آئی سروسز، کوڈنگ ٹولز، خودکار ایجنٹس اور تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نئی اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں کے دوران چیٹ جی پی ٹی کی ویب سائٹ اور موبائل ایپس پر متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ مجوزہ ری ڈیزائن میں اوپن اے آئی کے کوڈنگ پلیٹ فارم ’کوڈیکس‘ کو نمایاں جگہ دی جائے گی، جبکہ ایسے جدید اے آئی ایجنٹس بھی شامل کیے جائیں گے جو پیچیدہ اور متعدد مراحل پر مشتمل کام خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
کمپنی کا مقصد چیٹ جی پی ٹی کو محض ایک سوال و جواب کے چیٹ بوٹ سے آگے لے جانا ہے۔ نئے نظام کے تحت صارفین ایک ہی انٹرفیس کے ذریعے عام اے آئی معاونت، کمپیوٹر پروگرامنگ، تصاویر کی تخلیق، ٹاسک آٹومیشن اور شراکت دار ایپس تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اوپن اے آئی کے اس منصوبے کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ’’سپر ایپ حکمت عملی‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مختلف ڈیجیٹل خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم میں سمویا جائے گا تاکہ صارفین کو بار بار مختلف ایپس استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
کمپنی کے طویل المدتی وژن کے مطابق مستقبل میں چیٹ جی پی ٹی صارفین کے ارادوں اور ضروریات کو بہتر انداز میں سمجھنے کے قابل ہوگا، جس کے نتیجے میں روایتی اور تفصیلی ہدایات (Prompts) پر انحصار کم ہو جائے گا۔ اوپن اے آئی کا ماننا ہے کہ جدید اے آئی ماڈلز وقت کے ساتھ صارف کے رویے اور ضروریات کو سمجھ کر زیادہ مؤثر انداز میں خدمات فراہم کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو چیٹ جی پی ٹی ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر سکتا ہے جو مصنوعی ذہانت کے استعمال کے طریقے کو یکسر تبدیل کر دے گا۔