دبئی میں مختصر مدت کے لیے سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ویزا حاصل کرنا مزید آسان

دبئی میں مختصر مدت کے لیے سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ویزا حاصل کرنا مزید آسان

دبئی میں مختصر مدت کے لیے سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ویزا حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت مختلف ممالک کے شہری اب تیزی سے ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے ویزا پراسیس کو مزید سہل بنانے کے اقدامات جاری رکھتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مکمل دستاویزات جمع کروانے کے بعد سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا صرف 48 گھنٹوں کے اندر جاری کیا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ ویزا 30 یا 60 دن کے قیام کے لیے دستیاب ہوگا اور درخواست گزار منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دے سکیں گے، اس اقدام کا مقصد سیاحتی عمل کو زیادہ تیز، آسان اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درخواست دہندگان کو صرف چند بنیادی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی جن میں پاسپورٹ کی کاپی، ایک تصویر اور مخصوص شہریت رکھنے والوں کے لیے قومی شناختی کارڈ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دبئی ویزا کی تجدید اب گھر بیٹھے چند منٹوں میں ممکن ہوگئی

تمام دستاویزات مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فوری کارروائی شروع کر دی جاتی ہے اور اکثر صورتوں میں ویزا 48 گھنٹوں کے اندر جاری کر دیا جاتا ہے۔

منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں کے مطابق بعض کیسز میں ویزا کی منظوری چند گھنٹوں میں بھی ہو جاتی ہے، جبکہ بعض درخواستیں دو سے تین گھنٹوں کے اندر مکمل کر دی جاتی ہیں۔

یہ اقدام دبئی کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینے اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دبئی کی عالمی سیاحتی حیثیت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles