پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث پشاور میں تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر، میٹرک سپلیمنٹری امتحانات کے پرچے ملتوی کردیئے گئے۔ سیاسی احتجاج اور لانگ مارچ کے باعث ایک بار پھر عام شہریوں کے ساتھ طلبہ بھی متاثر ہونے لگے۔ پشاور بورڈ نے میٹرک سپلیمنٹری امتحانات دوم 2026 کے 7 سے 10 اکتوبر تک ہونے والے پرچے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پشاور بورڈ کے مطابق 7، 8، 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے پرچے اب مقررہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوں گے، جبکہ ان امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کنٹرولر پشاور بورڈ کے مطابق 10 اکتوبر کے بعد ہونے والے پرچے اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ لانگ مارچ کی سیاست کے نتیجے میں امتحانات کا متاثر ہونا اس بات کی واضح مثال ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کے اثرات صرف سڑکوں اور بازاروں تک محدود نہیں رہتے بلکہ تعلیمی سرگرمیاں بھی اس کی زد میں آجاتی ہیں
جن طلبہ نے امتحانات کے لیے تیاری کی اپنی پڑھائی کا شیڈول بنایا اور مقررہ تاریخوں کے مطابق امتحان دینے کی تیاری مکمل کی انہیں اب ملتوی ہونے والے پرچوں کے لیے دوبارہ غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سیاسی جماعتوں کو احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران عام شہریوں، کاروبار اور خصوصاً تعلیمی سرگرمیوں کو کم سے کم متاثر کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے کیونکہ سیاسی اختلافات اور احتجاج کا براہ راست بوجھ طلبہ پر ڈالنا ان کے تعلیمی مستقبل کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
پشاور میں میٹرک کے پرچوں کی معطلی نے بھی یہی سوال اٹھا دیا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کی قیمت آخر طلبہ کیوں ادا کریں؟ امتحانات کا التوا ان طلبہ کے لیے اضافی ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتا ہے جو پہلے ہی محدود وقت میں اپنی تعلیمی تیاری مکمل کر رہے ہیں۔
اب پشاور بورڈ کی جانب سے ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ 10 اکتوبر کے بعد کے امتحانات پہلے سے جاری ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہوں گے۔