نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی امن و سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشتگردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی اور عالمی معاملات زیر بحث آئے۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور جموں و کشمیر تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کی نظریں اسلام آباد پر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

نائب وزیراعظم نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری بھی شامل ہے۔

انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو مؤثر ترین ذرائع قرار دیتے ہوئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد پر استقبال

اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا، انتونیو گوتریس کا دورہ آج سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےان کا استقبال کیا ، ملاقات میں خطے کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

قبل ازیں ترجمان اقوام متحدہ  نے بتایا  کہ یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس این ڈی ایم اے کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ  قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور صلاحیت کا مشاہدہ کریں گے۔

اس کے علاوہ انتونیو گوتریس پاک بھارت فوجی مبصر گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران ان کی پاکستان حکام سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی بات چیت ہوگی، پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حوثی حملے فوری روکنے کا مطالبہ، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اعادہ

یاد رہے کہ انتونیو گوتریس آخری مرتبہ 2022 میں پاکستان آئے تھے جب انہوں نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

editor

Related Articles