سورج کی روشنی سے خود چارج ہونے والا ایئر فلٹر تیار، بجلی کی ضرورت نہیں

سورج کی روشنی سے خود چارج ہونے والا ایئر فلٹر تیار، بجلی کی ضرورت نہیں

چینی سائنس دانوں نے ایک جدید ایئر فلٹر تیار کیا ہے جو سورج کی روشنی یا گھر میں موجود ایل ای ڈی روشنی سے خود چارج ہوکر ہوا میں موجود آلودہ ذرات اور جراثیم کو روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔

جرنل کیم میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یہ فلٹر چین کی جیلین یونیورسٹی کے محققین نے تیار کیا ہے۔ اس میں پولی پروپلین کی ایک باریک جھلی استعمال کی گئی ہے، جو عام فیس ماسکس میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ محققین نے اس جھلی پر ایک ایسا خاص مواد لگایا ہے جو روشنی اور حرارت کے اثر سے سطح پر برقی چارج پیدا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ کا نیا فیچر، اب دوستوں کی سالگرہ بھولنے کی فکر نہیں

بجلی کے بغیر آلودہ ذرات پکڑنے کی صلاحیت

تحقیق کے مطابق فلٹر کی سطح پر پیدا ہونے والا برقی چارج ہوا میں موجود ذرات کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ یہ عمل کچھ حد تک اسٹیٹک بجلی جیسا ہے، جس میں برقی چارج دھول کے ذرات کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ فلٹر کو کام کرنے کے لیے براہ راست بجلی کے کنکشن کی ضرورت نہیں پڑتی۔ روشنی سے پیدا ہونے والا چارج اسے ہوا میں موجود آلودہ ذرات اور بعض جراثیم کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی کے اے آئی ایجنٹس امریکی سرکاری ویب سائٹس تک پہنچ گئے

فضائی آلودگی کے بڑھتے مسئلے کے درمیان نئی ٹیکنالوجی

دنیا بھر میں فضائی آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، جس کے باعث ایئر پیوریفائرز کی طلب میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں موسم سرما کی اسموگ جبکہ دنیا کے مختلف علاقوں میں جنگلات کی آگ سے اٹھنے والا دھواں فضائی معیار کو متاثر کرتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال تقریباً 70 لاکھ قبل از وقت اموات سے منسلک ہے۔

محققین کے مطابق مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو این 95 ماسکس کے دوبارہ قابل استعمال ورژنز میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس ٹیکنالوجی کے عملی اور بڑے پیمانے پر استعمال کے امکانات جانچنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہوگی۔

editor

Related Articles