روزگار کے متلاشی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

روزگار کے متلاشی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں جدید پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مفت تربیتی کورسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 اس نئے تربیتی منصوبے کے تحت نوجوانوں کو مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شعبوں میں مکمل طور پر مفت تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔

یہ پروگرام نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور لائیو اسٹاک ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جبکہ اس کی نگرانی اور رہنمائی اسٹرٹیجک انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کی جا رہی ہے۔

پروگرام کے تحت لائیو اسٹاک سیکٹر سے متعلق تین ماہ کے مختصر مگر عملی تربیتی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قوم کیلئے بڑی خوشخبری،24 سال بعد پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی واپسی

مختلف کورسز میں اسسٹنٹ سلاٹرر/ہیلپر (لیول ٹو) فش فارمنگ، کولڈ چین مینجمنٹ، ایکسپورٹ لاجسٹکس میں سرٹیفکیشن پریکٹسز، میٹ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور پریزرویشن جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق یہ کورسز نوجوانوں کو نہ صرف مقامی روزگار کے مواقع فراہم کریں گے بلکہ انہیں بین الاقوامی لیبر مارکیٹ میں بھی بہتر جگہ حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔

تربیتی مراکز ابتدائی طور پر پشاور اور مردان میں قائم کیے گئے ہیں۔ پروگرام کے لیے عمر کی حد 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ کم از کم تعلیمی قابلیت مڈل یا میٹرک رکھی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں نشستیں محدود ہیں اس لیے اہل امیدواروں کو جلد از جلد آن لائن درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا اور ملک میں بے روزگاری کی شرح میں کمی لانا ہے۔ سرکاری پورٹل کے ذریعے درخواستوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

editor

Related Articles