وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر منصوبے کے تحت شہریوں کے لیے درخواست کے عمل کو مزید آسان اور قابلِ فہم بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اس منصوبے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی بڑی تعداد کا اس اسکیم میں دلچسپی لینا خوش آئند ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو رہائشی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی نہ صرف عوام کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے تعمیراتی شعبے اور اس سے منسلک صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے اسکیم میں شمولیت کے عمل کو مزید سہل بنایا جائے اور درخواست فارم کو آسان زبان اور سادہ طریقہ کار کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ ہر طبقے کے افراد اسے آسانی سے بھر سکیں۔
وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درست درخواستوں کی منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو بروقت مالی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے ملک بھر میں اس منصوبے سے متعلق آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ زمینوں سے متعلق کاغذی کارروائی کو تیز کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک گیارہ ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک تقریباً 69 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں سے 16 ہزار587 درخواستیں منظور کی گئی ہیں جبکہ تین ہزار ایک سو چھیالیس افراد کو قرضوں کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ملک میں رہائش کے مسائل کو مؤثر طریقے سے کم کیا جا سکے، حکومت نے اس منصوبے کو مزید وسعت دینے اور طریقہ کار کو زیادہ شفاف اور تیز تر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔