گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وہ پہلے ہی واضح کر چکے تھے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کرنے کی پوزیشن میں نہیں، جبکہ آئین میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی شقیں موجود ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا فوکس اڈیالہ جیل اور ڈی چوک پر ہے، جبکہ خیبرپختونخوا دہشت گردوں کے حوالے ہے،انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو سزا یافتہ اور نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
شیر افضل مروت کی پٹیشن
گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف پٹیشن جمع کرائی ہے، تاہم پی ٹی آئی نے انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا،فیصل کریم کنڈی کے مطابق علی امین گنڈا پور کے کہنے پر شیر افضل مروت عدالت گئے تھے۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بیان
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ کبھی نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل سے باہر آنے کے بعد ان لوگوں کے مفادات متاثر ہوں گے جو ان کے نام پر فائدہ اٹھا رہے ہیں ، جنید اکبر نے خود کہا ہے کہ جن لوگوں نے بانی کے نام پر کمایا ہے، وہ اب خرچہ کریں۔
گورنر نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے لیکن صوبائی حکومت اپنی پالیسی تبدیل کرنے کو تیار نہیں، صوبائی حکومت آج بھی افغانستان سے بات چیت کی بات کرتی ہے،انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا صوبائی حکومت نے کبھی دہشت گردوں کے خلاف قرارداد منظور کرائی ہے؟
صدر مملکت کے کردار پر گفتگو
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب بھی صدر مملکت خیبرپختونخوا کی بہتری کے لیے سوچیں گے تو یہ بہتر اقدام ہوگاانہوں نے کہا کہ اس معاملے پر بحث کی ضرورت نہیں، صدر مملکت جو کہیں گے اس پر عملدرآمد ہوگا،گورنر نے صوبے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا جل رہا ہے اور شام کے بعد لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔
حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم متعدد بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم پی ٹی آئی میں کس شخص سے مذاکرات کیے جائیں؟فیصل کریم کنڈی کے مطابق پی ٹی آئی میں چار سے پانچ فرنچائزز ہیں، اس لیے یہ سوال موجود ہے کہ مذاکرات کس فریق سے کیے جائیں۔
4 اکتوبر کے لانگ مارچ پر سوال
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ 4 اکتوبر بھی آ جائے گا اور اس وقت دیکھیں گے کہ کتنے لوگ باہر نکلتے ہیں،انہوں نے پی ٹی آئی کو وفاق کے ساتھ بیٹھنے اور دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار نہ بنیں۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں،ملا قات کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے مزید جلاؤ گھیراؤ کی بات کی جائے گی،گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عدالت سے رجوع کرنا چاہیے، اگر بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو انہیں عدالت سے ضمانت مل جائے گی۔