کمشنر پونچھ سردار وحید خان نے راولاکوٹ میں جاری دھرنوں کے ختم ہونے اور مظاہرین کے منتشر ہونے کی تصدیق کر دی ہے انہوں نے کہا کہ احتجاجی مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ دھرنوں کے لیے لگایا گیا اسٹیج بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر پونچھ سردار وحید خان نے کہا کہ مظاہرین اپنے اپنے علاقوں کو واپس روانہ ہو چکے ہیں اور راولاکوٹ کے عیدگاہ، میتالمرہ اور پڑاٹ کے مقامات پر دیے گئے دھرنے مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے فلیگ مارچ کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کیا اور علاقے سے چلے گئے، جس کے بعد انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی حکمت عملی کے باعث امن و امان کی صورتحال قابو میں رہی اور معمولات زندگی بتدریج بحال ہو رہے ہیں۔
کمشنر پونچھ نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل راولاکوٹ میں رات گئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دو دھرنے، جو دُریک اور گوئی نالہ روڈ پر جاری تھے، اچانک ختم ہو گئے تھے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی ریاض شاہد نے بھی تصدیق کی تھی کہ دھرنے ختم ہو چکے ہیں، جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق شرکاء واپس جا چکے ہیں۔سینئر صحافی خواجہ کاشف میر کے مطابق بھی عیدگاہ، دُریک اور میتالمرہ کے مقامات مکمل طور پر خالی ہو چکے ہیں اور تمام مظاہرین وہاں سے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتجاج ختم نہیں ہوا بلکہ اسے حکمت عملی کے تحت آگے پیچھے کیا گیا ہے تاکہ کارکنوں کو کسی ممکنہ خطرے یا تصادم سے بچایا جا سکے۔ ان کے مطابق صبح اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور اس حوالے سے کارکنوں کو افواہوں اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمیٹی کے مطابق وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور آئندہ کا لائحہ عمل جلد سامنے لایا جائے گا۔