برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے پیر کے روز اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعظم اسٹارمر پیر کو نہ صرف استعفیٰ دیں گے بلکہ پارٹی کی نئی قیادت کے انتخاب کے لیے ایک واضح روڈمیپ بھی پیش کریں گے۔
برطانوی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اسٹارمر اس وقت اپنی ہی جماعت لیبر پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جو مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ عہدہ چھوڑنے کا باقاعدہ ٹائم ٹیبل دیں۔.
برطانوی اخبارات کے مطابق یہ دباؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب اینڈی برنہم حالیہ سیاسی پیش رفت کے بعد پارلیمنٹ میں پہنچے، جس کے بعد لیبر پارٹی کے اندر طاقت کا توازن تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیئر اسٹارمر کو یہ بھی اندازہ ہو چکا ہے کہ لیبر پارٹی کے متعدد ارکانِ پارلیمنٹ کی اکثریت اب اینڈی برنہم کی حمایت کر رہی ہے، جس نے پارٹی کے اندر قیادت کے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیئر اسٹارمر مستعفی نہیں ہورہے ، برطانوی حکومتی ذرائع نے کیئر اسٹارمر کے استعفے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو یہ لیبر پارٹی کے اندر ایک بڑی قیادت تبدیلی اور برطانوی سیاست میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، تاہم تاحال وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔