وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں اور مجموعی طور پر 130ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں، ریلوے اور ٹرک چلانے والوں کو خصوصی رعایت دی گئی ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
عالمی منڈی کی قیمتوں پر نظر
انہوں نے کہا کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ضرور آئی ہے تاہم یہ اب بھی جنگ سے قبل کی سطح تک نہیں پہنچی حکومت کی کوشش ہے کہ جب بھی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوں تو اس کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے اور قیمتوں میں کمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
ایران سے توانائی کی ممکنہ خریداری
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایران سے سستا تیل اور گیس حاصل کرنے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت بھی کی جائے گی اگر قیمت مناسب ہوئی تو مائع قدرتی گیس کی خریداری کے لیے بھی پیش رفت ہو سکتی ہے۔
میرٹ پر فیصلوں کا عزم
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی دباؤ میں آئے بغیر صرف میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کر رہی ہے اور تمام اقدامات عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں وزیراعظم نے واضح ہدایت دی ہے کہ ہر فیصلہ شفافیت اور حقائق کی بنیاد پر کیا جائے۔
ایران گیس پائپ لائن منصوبہ
علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبہ اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومت اس کیس کی پیروی کر رہی ہے ایران کے ساتھ مل کر اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بہتری لائی جا سکے۔
توانائی بحران کے حل کی کوششیں
انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے اور عوام کو سستی توانائی فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب آپشنز پر غور کر رہی ہے۔