ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ میناب اسکول کے جنگی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے مقدمات کو ملکی اور بین الاقوامی عدالتوں میں اٹھایا جانا چاہیے تاکہ ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
جوڈیشری ویک کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مختلف واقعات میں بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک کی شہادتیں ہوئی ہیں جنہیں وہ سنگین جنگی جرائم قرار دیتے ہیں ان تمام معاملات کو قانونی اور عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں پیش کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے تمام حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو اسلامی اصولوں اور قومی وقار کے مطابق مزید بہتر بنائیں، ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی بہتری کے لیے اصلاحات اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ نظام انصاف مضبوط ہو سکے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ عدالتی اصلاحات صرف منصوبوں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ان کے عملی اثرات عوام کی روزمرہ زندگی میں بھی واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری عوام کے حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے تاکہ معاشرے میں اعتماد اور شفافیت کو فروغ مل سکے۔