صوبائی دارالحکومت لاہور میں جشنِ آزادی کے روز موسم خوشگوار ہوگیا، مختلف علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود ہے جبکہ بعض علاقوں میں بارش بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر 60 فیصد بارش کے امکانات ہیں، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور میں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بارشوں کا امکان
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے ، اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ، پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔