ملک میں موٹرسائیکلوں کی فروخت میں نمایاں حصہ رکھنے والی کمپنی اٹلس ہونڈ ا کی مقبول ترین ہونڈا CD 70 کا 2026 ماڈل موٹر سائیکل کی قیمتوں میں کمی سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ کمپنی نے قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی ہے بلکہ کمپنی نے نئی موٹرسائیکل کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی ہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق نیا ماڈل نیلے سرخ اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہوگا جبکہ اسے جدید ڈیزائن، بہتر کارکردگی اور صارفین کی روزمرہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق CD 70 (2026) میں 4-اسٹروک OHC ایئر کولڈ انجن نصب کیا گیا ہے جو ایندھن کی بہتر بچت پائیدار کارکردگی اور کم دیکھ بھال کے اخراجات کی خصوصیات رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل میں 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش ٹرانسمیشن ملٹی پلیٹ ویٹ کلچ اور مضبوط اسپائن فریم شامل کیا گیا ہے جو اسے روزمرہ استعمال اور طویل سفر کے لیے زیادہ موزوں بناتا ہے۔
نئے ماڈل میں 8.5 لیٹر گنجائش کا فیول ٹینک دیا گیا ہے جس میں ایک لیٹر ریزرو بھی شامل ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی بدولت ایک بار ٹینک بھرنے پر نسبتاً زیادہ فاصلہ طے کیا جا سکتا ہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق CD 70 (2026) کو بہتر روڈ گریپ متوازن ڈرائیونگ آرام دہ سواری اور طویل مدت تک قابل اعتماد کارکردگی فراہم کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ یہ طلبہ ملازمین کاروباری افراد اور روزانہ سفر کرنے والے صارفین کی ضروریات کو پورا کر سکے۔
دوسری جانب گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ہونڈا موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق مختلف خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم اٹلس ہونڈا نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی نے قیمتوں میں کمی کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ کمپنی کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات بے بنیاد ہیں اور صارفین صرف کمپنی کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
یاد رہے کہ ہونڈا CD 70 کئی دہائیوں سے پاکستان کی مقبول ترین موٹرسائیکلوں میں شمار ہوتی ہے کم ایندھن خرچ کرنے آسان دیکھ بھال پرزہ جات کی دستیابی اور بہتر ری سیل ویلیو کی وجہ سے یہ متوسط طبقے کی پہلی ترجیح سمجھی جاتی ہے جس کے باعث ہر نئے ماڈل کا صارفین کو بے چینی سے انتظار رہتا ہے۔