نشانِ حیدر پانے والے کارگل جنگ کے عظیم ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے یوم شہادت کے موقع پر فیلڈ مارشل، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ائیر اسٹاف سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شدید اور نامساعد حالات کے باوجود وہ ہر وقت اگلی صفوں میں موجود رہے اور دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے ان کی جرات اور قربانی پاک فوج کی تاریخ کا روشن باب ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی وطن سے محبت، شجاعت اور فرض شناسی کی لازوال مثال ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گی، وہ آج بھی پوری قوم خصوصاً نوجوان نسل کے لیے حوصلے، ایثار اور وفاداری کی علامت ہیں۔
مسلح افواج نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن کے دفاع اور اس کی سلامتی کے لیے قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ان کی یاد ہمیشہ پاکستانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جاتی رہے گی۔