قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کل لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی، جس میں ممکنہ طور پر کپتانی سے متعلق اہم فیصلہ بھی سامنے آ سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دوبارہ سونپیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ انگلینڈ کے دورے کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،پاکستان ٹیم اس دوران ویسٹ انڈیز میں دو اور انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کے پاس ہے، تاہم ان کی کپتانی میں پاکستان کو ہوم گراؤنڈ اور ڈھاکا میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی گزشتہ روز سے یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دی جا سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی کے اعلان کے بعد سامنے آئے گا