نیٹو سمٹ سے قبل روس کا کیف پر بڑا حملہ، 24 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

نیٹو سمٹ سے قبل روس کا کیف پر بڑا حملہ، 24 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

نیٹو سمٹ سے ایک روز قبل روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے پیمانے پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حملے میں متعدد رہائشی عمارتیں، شہری تنصیبات اور دیگر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملہ پیر کی صبح کیا گیا جس کے دوران شہر بھر میں خطرے کے سائرن بجتے رہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران 10 سے زائد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ آسمان پر تیز روشنی کی چمک بھی دیکھی گئی۔ فضائی دفاعی نظام نے کئی ڈرونز اور کروز میزائلوں کو تباہ کیا تاہم متعدد بیلسٹک میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران امریکا سیزفائرکے بعد روس یوکرین میں بھی عارضی جنگ بندی

حکام کے مطابق کیف کے پوڈلسکی ضلع میں واقع ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت حملے سے شدید متاثر ہوئی جہاں دھماکے کے باعث عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیف میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ شہر کے نواحی علاقے وِشنِیوے میں مزید 8 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی۔ زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یوکرین کے صدر وولوڈی میر زیلنسکی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے شہریوں کے خلاف ایک بہیمانہ کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جنگی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس کا مقصد یوکرینی عوام کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔ ا انہوں نے کہا کہ اگرچہ یوکرینی فضائی دفاع نے متعدد ڈرونز اور کروز میزائل مار گرائے، تاہم بیلسٹک میزائلوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مزید جدید دفاعی نظام درکار ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکی ثالثی میں روس یوکرین مذاکرات بغیر کسی پیشرفت کے ختم،آئندہ ہفتے اگلا دور متوقع

صدر زیلنسکی نے نیٹو کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور جدید دفاعی نظام، بالخصوص امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے لیے مزید میزائل فراہم کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیٹو سمٹ کے دوران یوکرین کی دفاعی ضروریات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ممالک اور شراکت داروں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یوکرین کو اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی سلامتی یورپ کے استحکام سے جڑی ہوئی ہے اور اتحادی ممالک اس کی مدد جاری رکھیں گے۔

editor

Related Articles