فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ میزبان ٹیم کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
امریکا کے شہر سیٹل میں کھیلے گئے اس اہم ناک آؤٹ میچ میں بیلجیئم نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ میچ کے نویں منٹ میں چارلس ڈی کیٹالاری نے خوبصورت گول اسکور کرکے بیلجیئم کو 0-1 کی برتری دلائی۔
امریکی ٹیم نے گول کھانے کے بعد بہتر کھیل پیش کیا اور 31ویں منٹ میں مالک ٹلمن نے شاندار گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
تاہم دوسرے ہاف میں بیلجیئم نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔ چارلس ڈی کیٹالاری نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کرکے بیلجیئم کو دوبارہ سبقت دلائی۔ اس کے چند ہی منٹ بعد 57ویں منٹ میں ہانس ویناکین نے گول کرکے اسکور 1-3 کردیا جس سے امریکی ٹیم دباؤ میں آگئی۔
میچ کے آخری لمحات میں بیلجیئم نے ایک اور گول کرکے اپنی برتری 1-4 تک بڑھا دی۔ امریکا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی تاہم بیلجیئم کے مضبوط دفاع اور منظم کھیل کے باعث وہ مزید کوئی گول نہ کرسکا۔
ریفری کی آخری سیٹی بجتے ہی بیلجیئم نے 1-4 کی فیصلہ کن فتح اپنے نام کرلی اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ میزبان امریکا ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہوگیا۔
بیلجیئم کی اس کامیابی میں چارلس ڈی کیٹالاری کی دو گولوں پر مشتمل عمدہ کارکردگی نمایاں رہی جبکہ پوری ٹیم نے دفاع اور حملے میں متوازن کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو زیادہ مواقع فراہم نہیں کیے۔ دوسری جانب امریکی ٹیم نے ابتدائی مزاحمت کے باوجود دوسرے ہاف میں بیلجیئم کے مسلسل دباؤ کا مؤثر جواب نہ دے سکی اور یوں اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی کپ سے باہر ہوگئی۔