پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونا نمایاں سستا ہوگیا۔ قیمتوں میں کمی کے بعد سونا خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے کچھ ریلیف پیدا ہوا ہے جبکہ سرمایہ کار بھی عالمی مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 34 ہزار 936 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 2 ہزار 143 روپے کمی ہوئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 72 ہزار 887 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی فی تولہ چاندی 120 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 559 روپے کی سطح پر آ گئی ہے، جس سے چاندی کے خریداروں کو بھی کچھ ریلیف ملا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 125 ڈالر رہ گئی جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں امریکی مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کی آئندہ شرح سود سے متعلق توقعات، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ شامل ہیں۔ جب عالمی منڈی میں سونا سستا ہوتا ہے تو اس کے اثرات کچھ وقفے کے بعد پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی نظر آتے ہیں۔
اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے تاہم عالمی معاشی حالات اور امریکی مالیاتی پالیسی آئندہ قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گی.