بچے عموماً شوقیہ کاغذی جہاز بنا کر اڑاتے ہیں، لیکن اٹلی کے انجینئرنگ کے طلبہ نے اسی خیال کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی جہاز تیار کر لیا، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اٹلی کی پیسا یونیورسٹی کے 15 انجینئرنگ طلبہ نے مشترکہ طور پر یہ منفرد منصوبہ مکمل کیا۔ تیار کیے گئے کاغذی جہاز کے پروں کا پھیلاؤ 20.04 میٹر جبکہ اس کی مجموعی لمبائی 7 میٹر ہے۔ اس کی نمائش بولونیا میں منعقدہ وی میک فیوچر فیئر کے دوران کی گئی۔
طلبہ کے مطابق اس منصوبے کا آغاز کلاس روم میں تفریح کے طور پر کاغذی جہاز بنانے سے ہوا، تاہم بعد ازاں اسے باقاعدہ انجینئرنگ اور تحقیقی منصوبے کی شکل دے دی گئی۔
کاغذی جہاز کی تیاری میں ایروناٹیکل انجینئرنگ کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا۔ اس مقصد کے لیے 300 کلوگرام کاغذ اور 60 کلوگرام گوند استعمال کی گئی، جبکہ جہاز کو مضبوط اور ہلکا رکھنے کے لیے کاغذ کو شہد کے چھتےجیسے ڈھانچے میں جوڑا گیا۔
آزمائشی پرواز کے دوران یہ دیوہیکل کاغذی جہاز 59 میٹر تک اڑنے میں کامیاب رہا، جس کے ساتھ ہی اس نے 2013 میں قائم عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔طلبہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل میں کئی ماہ لگے، اور یوں کلاس روم کا ایک معمولی سا شوق دنیا کے بڑے اعزاز میں تبدیل ہو گیا۔