پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے شائقین کرکٹ کو بڑا تحفہ دے دیا۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق سیریز کے تمام میچز دیکھنے کے لیے شائقین سے کوئی ٹکٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی اور کرکٹ کے دیوانے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں مفت داخل ہو کر اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کر سکیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ انڈر 19 ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 14 جولائی سے ہوگا جبکہ تمام پانچوں ٹی20 میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق شائقین کے لیے ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز کھولے جائیں گے جہاں بیٹھ کر وہ بغیر کسی ٹکٹ کے میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم کی کپتان فضہ فیاض اور جنوبی افریقہ کی کپتان میکی وین وورسٹ نے تقریب میں شرکت کی۔