فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات کی، جس میں پاک ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر ہوئی، جہاں صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملے۔ بند کمرے میں ہونے والی ملاقات میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔
سرکاری طور پر ملاقات کی اندرونی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ترک دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں جاری پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی اشتراک جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو سے بھی ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
دفاعی و سفارتی مبصرین کے مطابق صدر رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔