قومی پرچم کے استعمال سے متعلق اہم مراسلہ جاری

قومی پرچم کے استعمال سے متعلق اہم مراسلہ جاری

قومی پرچم کے درست استعمال، احترام اور اس سے متعلق سرکاری قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اہم مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام سرکاری اداروں کو 1989 میں جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، سرکاری تنظیموں اور جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی پرچم کے ڈیزائن، نمائش اور استعمال سے متعلق مقررہ قواعد کی مکمل پابندی کی جائے اور اس کے تقدس کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پھٹے، میلے یا خراب حالت میں موجود قومی پرچم ہرگز استعمال نہ کیے جائیں، بلکہ ایسے پرچم فوری طور پر تبدیل کیے جائیں تاکہ قومی علامت کے احترام پر کوئی آنچ نہ آئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا، فیلڈ مارشل

حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ قومی پرچم کو اشتہاری، تجارتی یا تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کرنا ممنوع ہے، جبکہ ایسے تمام اقدامات سے اجتناب کیا جائے جو قومی پرچم کی بے توقیری یا اس کے تقدس میں کمی کا سبب بن سکتے ہوں۔

مراسلے کے مطابق غیرملکی پرچم صرف مقررہ سفارتی اور سرکاری پروٹوکول کے تحت ہی لہرائے جا سکتے ہیں، جبکہ قومی اور غیرملکی پرچموں کی مشترکہ نمائش بھی متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ مراسلہ کسی نئی پالیسی کے نفاذ کے لیے جاری نہیں کیا گیا بلکہ اس کا مقصد 1989 میں جاری ہونے والی سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کی یاددہانی کرانا ہے، تاکہ تمام متعلقہ ادارے قومی پرچم کے احترام، تقدس اور درست استعمال کو یقینی بنا سکیں۔

Related Articles