سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بارود سے بھری ایک گاڑی کو دہشتگردی کی کارروائی میں استعمال کیا جانا ہے۔ اطلاعات کی بنیاد پر گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی گئی اور جیسے ہی یہ گاڑی آبادی سے دور پہنچی سکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت کے ساتھ اسے نشانہ بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی اور ایک موٹرسائیکل بھی تباہ کر دی گئی جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ فورسز کی بروقت کارروائی سے ممکنہ خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا اور شہریوں کی جان و مال کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا کہ کسی بھی شہری کو نقصان نہ پہنچے اسی لیے کارروائی اس وقت کی گئی جب گاڑی آبادی سے دور تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے محفوظ بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بارود سے بھری گاڑی اور موٹرسائیکل کو حملے سے پہلے تباہ کرنا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے خودکش حملے کا ناپاک منصوبہ ناکام بنانے پر سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔