وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بہت سے انتخابات دیکھے ہیں تاہم موجودہ حالات میں ہونے والے انتخابات ماضی سے مختلف ہیں اور یہ انتخاب تاریخ رقم کرے گا۔
ایل اے 36 جموں 3 میں انتخابی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے، اس لیے موجودہ انتخابات غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیاں اور ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، جن کی قدر و قیمت ہمیشہ برقرار رہے گی۔
وزیر دفاع نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ راولاکوٹ میں تقاریر کرنے والے بعض لوگ احسان فراموشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حالانکہ آج جو آزادی اور امن میسر ہے وہ بے شمار جانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کی بدولت ملک محفوظ ہے اور ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کا احترام اپنی جگہ تاہم مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے عوام نے جس طرح مشکلات اور قربانیوں کا سامنا کیا، اس کی اپنی اہمیت ہے، موجودہ الیکشن صرف سیاسی مقابلہ نہیں بلکہ کشمیر کاز، قومی مفادات اور کشمیری عوام کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چار ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مگر اس کے باوجود بعض عناصر افواجِ پاکستان کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی پاکستان کا نام عالمی سطح پر نمایاں رہا، جبکہ فیلڈ مارشل کا رشتہ وطن سے محبت، قومی خدمت اور دفاعِ پاکستان سے عبارت ہے،انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔