خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیلئے زمین تنگ کردی گئی ، سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 4 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے ۔
سیکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ، سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرکے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستگی سے تباہ کر دیا، اس کارروائی میں 3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی ، ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
بلوچستان میں کارروائی
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع سوراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کرکے ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا ۔
مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشتگرد سے موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
تسلسل کے ساتھ جاری یہ سیکیورٹی آپریشنز ثابت کرتے ہیں کہ انٹیلی جنس کا نظام اب کہیں زیادہ متحرک اور فعال ہو چکا ہے، جس کے باعث تخریب کاروں کے لیے فرار کے تمام راستے مسدود ہو چکے ہیں۔
دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان کے امن کو کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا، صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز دن رات متحرک ہیں۔
حکام کی جانب سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری قوت اور بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
صدر مملکت ، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثناء صدرِ مملکت آصف زرداری نے میر علی میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری قابلِ فخر ہے، دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میرعلی میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، امن دشمنوں کے خلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔