حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، نئے فیصلے کے تحت مٹی کا تیل 5 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 282 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے نتیجے میں عالمی توانائی کی منڈی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 21 جولائی سے کر دیا گیا ہے اور یہ قیمتیں آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے مؤثر رہیں گی۔ پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کے نئے طریقہ کار کے تحت وزیراعظم یا وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر اوگرا خود قیمتوں کا اعلان کرے گا۔ البتہ ہفتہ اور اتوار کے روز پہلے سے جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔