برطانوی وزیراعظم نے کابینہ تشکیل دیدی ،پاکستانی نژاد شبانہ محمود دوبارہ وزیر داخلہ مقرر

برطانوی وزیراعظم نے کابینہ تشکیل دیدی ،پاکستانی نژاد شبانہ محمود دوبارہ وزیر داخلہ مقرر

برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنی نئی کابینہ تشکیل دے دی جس میں متعدد اہم وزارتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، جبکہ شبانہ محمود کو ایک بار پھر وزیر داخلہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم برنہم نے سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے کئی قریبی اتحادیوں کو کابینہ سے الگ کرتے ہوئے نئی ٹیم تشکیل دی ہے۔ کابینہ میں کئی وزرا کے قلمدان بھی تبدیل کیے گئے ہیں تاکہ نئی حکومت کی ترجیحات کے مطابق انتظامی ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دیا جا سکے۔

  یہ بھی پڑھیں :اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن گئے، بادشاہ چارلس نے حکومت بنانے کی دعوت دے دی

نئی کابینہ میں پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان شبانہ محمود کو دوبارہ وزارتِ داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ انہیں برطانیہ کے پناہ گزینوں اور امیگریشن کے نظام میں جاری اصلاحات کو مکمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان کی دوبارہ تقرری اس بات کا اشارہ ہے کہ نئی حکومت امیگریشن پالیسی میں سخت اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہے۔

کابینہ میں دیگر اہم تبدیلیوں کے تحت سابق وزیر دفاع جان ہیلی کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایڈ ملی بینڈ کو وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ یوویٹ کوپر نئی وزیر صحت و سماجی نگہداشت ہوں گی جبکہ پیٹ میک فیڈن اپنے عہدے پر برقرار رہتے ہوئے وزیر برائے ورک اینڈ پنشنز کے فرائض انجام دیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کا مستعفی ہونے کا اعلان

وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ ان کی حکومت جلد برطانیہ کے لیے 10 سالہ قومی منصوبہ پیش کرے گی، جس کا مقصد مہنگائی پر قابو پانا، معیشت کو مستحکم کرنا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا، بے گھر افراد کے مسئلے کا حل اور صنعتی شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔

editor

Related Articles