محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی سمیت کئی بڑے شہروں میں موسلا دھار بارشوں، اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے شدید بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کا الرٹ: بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان کے نشیبی علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے اور مختلف مقامات کے زیر آب آنے کا خدشہ موجود ہے جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس صورتحال کے نتیجے میں اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ

