پاکستان میں گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے جہاں پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقبول سوزوکی فرونکس (Suzuki Fronx) ہائبرڈ ویرینٹس کی پروموشنل آفر ختم ہونے کے بعد قیمتوں میں 7 لاکھ روپے سے زائد کا نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جس کے بعد ہائبرڈ ماڈلز کی خریداری مزید مہنگی ہو گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق فرونکس GLX 6A/T مونو ٹون کی قیمت 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے سے بڑھا کر 70 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اس طرح اس ماڈل کی قیمت میں 7 لاکھ 1 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح فرونکس GLX 6A/T ٹو ٹون ویرینٹ کی قیمت 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے سے بڑھا کر 70 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جس سے اس ماڈل کی قیمت بھی تقریباً 7 لاکھ روپے بڑھ گئی ہے۔
پاک سوزوکی کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ دراصل محدود مدت کے لیے دی گئی پروموشنل ڈسکاؤنٹ آفر کے اختتام کے باعث کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق پہلے متعارف کرائی گئی کم قیمتیں خصوصی رعایتی مہم کا حصہ تھیں جن کی مدت مکمل ہونے کے بعد گاڑیوں کی اصل قیمتیں دوبارہ نافذ کر دی گئی ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فرونکس کے نان ہائبرڈ ویرینٹس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان کی سابقہ قیمتیں بدستور برقرار رہیں گی۔ قیمتوں میں اضافہ صرف ہائبرڈ ماڈلز تک محدود ہے۔
جو صارفین فرونکس ہائبرڈ خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے،انہیں اب تقریباً سات لاکھ روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے جبکہ مستقبل میں آٹو مارکیٹ کی صورتحال درآمدی اخراجات اور حکومتی پالیسیوں کے مطابق دیگر ماڈلز کی قیمتوں میں بھی تبدیلی کا امکان موجود ہے۔