پی ٹی اے کا موبائل صارفین کے لیے اہم الرٹ جاری

پی ٹی اے کا موبائل صارفین کے لیے اہم الرٹ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل سروسز کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کو ہر صورت فعال رکھیں، بصورت دیگر متعلقہ موبائل سم کسی بھی وقت بند کی جا سکتی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی صارف کا شناختی کارڈ نادرا کی جانب سے منسوخ کر دیا گیا ہو، اس کی میعاد ختم ہو چکی ہو یا سم کسی ایسے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہو جو انتقال کر چکا ہو، تو ایسی صورت میں موبائل سروس معطل کی جا سکتی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے والے صارفین فوری طور پر نادرا سے اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کروائیں تاکہ ان کی موبائل سروس متاثر نہ ہو۔ اسی طرح اگر شناختی کارڈ کی منسوخی یا دیگر تکنیکی مسائل کا سامنا ہو تو متعلقہ افراد نادرا کے قریبی دفتر سے رجوع کریں۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل صارفین کے لیے بری خبر، کال اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پی ٹی اے نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سم کسی فوت شدہ شخص کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہ ہو۔ اگر ایسا ہو تو متوفی کے قانونی وارث یا شریکِ حیات متعلقہ موبائل کمپنی کے سروس سینٹر یا فرنچائز سے رابطہ کرکے ضروری دستاویزات جمع کروائیں اور سم کی ملکیت اپنے نام منتقل کروائیں۔

پی ٹی اے حکام نے تمام موبائل صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈز کی بروقت تجدید اور ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ موبائل سروس کی بندش یا کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Related Articles