پیٹرول پمپس کی بندش سے متعلق مالکان نے بڑا اعلان کر دیا

پیٹرول پمپس کی بندش سے متعلق مالکان نے بڑا اعلان کر دیا

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ملک گیر ہڑتال 15 روز کے لیے موخر کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد ملک بھر میں پٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوام کو ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین نعمان بٹ نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے پٹرول پمپ مالکان کے دونوں اہم مطالبات پر عمل درآمد کے لیے 15 دن کی مہلت طلب کی ہے جسے ایسوسی ایشن نے قبول کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس دوران پٹرول پمپ مالکان کے تحفظات دور کرنے اور ان کے مطالبات پر عملی پیش رفت کی جائے گی۔ حکومتی یقین دہانی کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچانے کو ترجیح دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جن کے نام پر گھر نہیں، ان کیلئے حکومت کا بڑا اعلان، آسان قرض کی منظوری

نعمان بٹ کے مطابق اگر مقررہ مدت کے اندر مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پٹرول پمپ مالکان نے ڈیلر مارجن میں اضافے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

تاہم حکومت اور پٹرول پمپ مالکان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فی الحال ہڑتال کا خطرہ ٹل گیا ہے اور آئندہ 15 روز کے دوران دونوں فریق مطالبات کے حل کے لیے بات چیت جاری رکھیں گے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles