ایک ہفتہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں مجموعی طور پر کتنا اضافہ ہوا؟تفصیلات جانیے

ایک ہفتہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں مجموعی طور پر کتنا اضافہ ہوا؟تفصیلات جانیے

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث عوام کو ایندھن کی مد میں اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہےجبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے 25 جولائی کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

حکومتی نوٹیفکیشنز کے مطابق 18 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ اس کے بعد 21 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے کمی کی گئیتاہم اسی روز ڈیزل مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، ڈیزل مہنگا، پیٹرول سستا

بعد ازاں 22 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا ہواجبکہ 23 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں مزید 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

اسی طرح 24 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔ تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جولائی کے لیے پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے 66 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

ان اضافوں کے بعد 17 جولائی کو 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر فروخت ہونے والا پیٹرول 25 جولائی تک بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر دستیاب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے کتنے ذخائر رہ گئے ؟ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وضاحت کر دی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا کرایہ بڑھنے کا امکان ہے بلکہ زرعی شعبے، صنعتی پیداوار اور اشیائے خور و نوش کی ترسیل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی مجموعی شرح مزید بڑھ سکتی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا اور درآمدی لاگت میں کمی نہ آئی تو آئندہ دنوں میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہےجس کے براہِ راست اثرات عام صارفین، کاروباری سرگرمیوں اور ملکی معیشت پر مرتب ہوں گے۔

editor

Related Articles